ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں رہائش پذیر اہل تبت کیلئے درکار سہولتیں اور امداد فراہم کرنے حکومت تیار : کمار سوامی

کرناٹک میں رہائش پذیر اہل تبت کیلئے درکار سہولتیں اور امداد فراہم کرنے حکومت تیار : کمار سوامی

Sat, 11 Aug 2018 11:14:20    S.O. News Service

بنگلورو،11؍اگست (ایس او  نیوز) ریاست میں رہائش پذیر اہل تبت کو حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ مدد کی جائے گی۔یہ بات ریاستی وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کہی۔ اہل تبت کمیونٹی کی جانب سے شہر میں وزیراعلیٰ کی تہنیت پیشی کی تقریب منعقد کی گئی تھی ۔

اس تقریب میں بدھ مذہب کے مذہبی پیشوا دلائی لامہ کے ہاتھوں تہنیت قبول کرنے کے بعد کمار سوامی نے کہا کہ اہل تبت کے ساتھ کنٹریگاس کی خیر سگالی اور بھائی چارہ آئندہ بھی جاری رہے گی۔ ریاست میں سکونت پذیر اہل تبت کرناٹکی بن کر زندگی گزار رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 60سال قبل اپنے ملک سے نقل مکانی کرکے آنے والے تبتیوں کو ریاست میں رہنے اور زندگی گزار نے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ نجلنگپا نے ایک لمحہ کی تاخیر کے بغیر فیصلہ کیا کہ اہل تبت کو یہاں رہنے کا موقع دیا جائے ۔ اس فیصلہ کے مطابق تبتی پناہ گزین ریاست کے میسور، شمالی کنڑا اور چامراج نگر میں قیام پذیر ہوئے ۔ اس وقت سے آج تک اہل تبت ہم میں سے ایک بن کر زندگی گزارتے آرہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی ترقی میں اہل تبت کا اپنا ایک مخصوص کردار رہا ہے ۔ امید کرتا ہوں کہ اہل تبت کے ساتھ یہ دوستی آگے بھی اسی طرح جاری رہے گی ، اہل تبت کی ایک مخصوص طرز زندگی ہے ۔ ان کی اپنی ایک شناخت اور علاحدہ رسم و ریت ہے ، ہندوستان کے ساتھ تبت کے تعلقات اچھے ہیں ، ہندوستانی اور تبتی آپس میں بھائی بھائی کے طور پر زندگی گزار تے آئے ہیں۔ فی الوقت کرناٹک میں رہنے والے تمام تبتیوں کو ضروری سہولتیں فراہم ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مزید سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر پریا پٹن کے رکن اسمبلی مہادیو ، ہنسور کے رکن اسمبلی وشواناتھ سمیت دیگر قائدین کو تہنیت پیش کی گئی۔


Share: